ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان طلبا و طالبات کے لیے بین الاقوامی تعلقات اور سیاسیات کے شعبے میں علم و تحقیق کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے علمی سیشن نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو عالمی تناظر میں درپیش چیلنجز کو سمجھنے اور ان کا مثبت حل تلاش کرنے کے قابل بھی بناتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے شعبہ پولیٹیکل اسٹڈیز میں منعقدہ تین روزہ لیکچر کے موقع پر کیا، جس کا انعقاد ان کی معاونت سے کیا گیا تھا۔ اس لیکچر کا موضوع ’’بین الاقوامی تعلقات کے نظریات‘‘تھا، جس میں بین الاقوامی تعلقات اور سیاسیات کے طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ڈاکٹر سید حسین شہید سہروردی نے شرکا کو موضوع پر تفصیل سے آگاہ کیا۔
انٹرایکٹو سیشن کے دوران طلبا و طالبات نے نئی معلومات حاصل کیں اور خاص طور پر بین الاقوامی تعلقات کے نظریات پر علمی رہنمائی سے مستفید ہوئے ۔تین روزہ علمی سیشن کی اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین، رجسٹرار ڈاکٹر بالاچ رشید اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے بھی شرکت کی۔ وائس چانسلر نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طلبا کے لیے یہ علمی لیکچر منعقد کرایا، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سید حسین شہید سہروردی کو یونیورسٹی تشریف آوری اور طلبا کو اہم موضوع پر لیکچر دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔تقریب کے اختتام پر شریک طلبا و طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔









