صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے راوی، چناب جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 47 فیصد اور تربیلا میں 79 فیصد ہے، شہری ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
گزشتہ روز پنجاب میں مون سون بارشوں کے تباہ کن اسپیل میں 36 گھنٹے کے دوران 63 اموات رپورٹ ہوئیں جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات کی رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا کہ رواں سال 103 شہری جاں بحق اور 393 زخمی ہوئے جبکہ بارشوں کے باعث 128 مکانات متاثر اور 6 مویشی ہلاک ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 36 گھنٹے میں مون سون بارشوں کے باعث 63 شہری جاں بحق اور290 زخمی ہوئے، لاہور میں 15، فیصل آباد 9، ساہیوال 5، پاکپتن 3 اور اوکاڑہ میں 9 اموات رپورٹ ہوئیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کی فیملیز کوبھی امداد فراہم کی جائے گی۔