پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوبے بھر میں، بالخصوص کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر معدنیات لے جانے والے ٹرکوں کو تحفظ فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں مسلم باغ ٹرک ایسوسی ایشن کے صدر دلبر خان، انجمن تاجران کے صدر عارف کاکڑ، پلانٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی فضل درانی اور حاجی امان اللہ خان کے ہمراہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پارٹی کے سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈوکیٹ، صوبائی آفس سیکریٹری ندا سنگر، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز سلیمان بازئی، پروفیسر اسد ترین، جمعہ خان زرکون سے ملاقات کے دوران کی۔
وفد نے پارٹی رہنماؤں کو بتایا کہ حالیہ دنوں کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر، خصوصاً مستونگ اور کڈکوچہ کے علاقوں میں کرومائٹ سے بھرے ٹرکوں پر فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جس پر مائنز مالکان کو سخت تشویش لاحق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان حملوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔سید قادر آغا ایڈووکیٹ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم باغ کے مختلف یونینز کے مطالبات جائز اور برحق ہیں۔
یہ حکومت اور انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف عوام کو تحفظ فراہم کرے، بلکہ کرومائٹ اوونرز کے ٹرکوں کو بھی مکمل سیکیورٹی دے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنا سامان منزل تک پہنچا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے عوام کی معیشت زراعت اور مالداری پر منحصر تھی، مگر گزشتہ سالوں کی قحط سالی اور خشک سالی نے انہیں شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا۔
اب زیادہ تر لوگ کوئلہ اور کرومائٹ کی مائننگ سے وابستہ ہیں، مگر بدقسمتی سے حکومت کے غیر مؤثر اقدامات اور بالخصوص حالیہ “مائنز اینڈ منرل ایکٹ 2025” نے عوام کے حقوق کو بری طرح متاثر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مسلم باغ کے مائنز اوونرز کی ملکیت والی کانوں کو نیلام کرنے کی کوشش غیر قانونی ہے۔
وزیراعلیٰ کا حالیہ بیان، جس میں انہوں نے مسلم باغ میں جاری مائننگ کو غیر قانونی قرار دیا، حقائق کے منافی ہے۔ کیونکہ ہائی کورٹ پہلے ہی ان مائنز کو مقامی قبائل کی ملکیت قرار دے چکی ہے۔ لہٰذا، وزیراعلیٰ کا بیان اور ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیاں عدالت کی توہین کے مترادف ہیں۔آخر میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر جامع اور مؤثر اقدامات کرے اور کرومائٹ لے جانے والے ٹرکوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔