پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر زور دیا ، ملک میں حقیقی جمہوری نظام کی مضبوطی اور عوام کے منتخب پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بناکر اس سے داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی تشکیل ناگزیرہے۔
ملک میں حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں کا راستہ روکا جاتا رہا ہے۔ غیر جمہوری قوتوں نے ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا۔ ملک اور پھراس پشتون بلوچ صوبے میں پشتونوں کی محکومی ومحرومی ناقابل قبول ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ، مرکزی سیکرٹری صلاح الدین خان اچکزئی، صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی ایگزیکٹیوز صورت خان کاکڑ، ملک عمر کاکڑ، گل خلجی ، فضل اشناء ،چمن ضلع قائمقام سیکرٹری جمال خان اچکزئی،ملک یاسین خان مہترزئی، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاونین سعید خان کاکڑ، نصیر احمد کاکڑ، ضلع معاون ظفر خان بازئی ، ضلع کمیٹی کے اراکین عبدالرحمن خلجی ،ظہور خان ،تحصیل سیکرٹری کچلاغ ملک نادر کاکڑ اور دیگر مقررین نے مرحوم ملک باز محمد خان مہترزئی کے پوتوں اور دیگر 50افراد کی کلی ملک پکار خان مہترزئی میں شمولیت کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
مقررین نے شمولیت کرنیوالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی کو بجاء طور پر امید ہے کہ آپ لوگ اس علاقے اور کچلاغ تحصیل میں پارٹی کو منظم وفعال بنانے اور عوام کو پارٹی صفوں میں شامل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے۔ مقررین نے کہاکہ پشتون سیال اور برابر قوم کی حیثیت سے اپنے تاریخی وطن پر آباد ہیںآج پشتونوں کو ان کے جائز حقوق نہیں دیئے جارہے ہیں ،ملک میں پشتون تیسرے درجے کی شہری کا سلوک جاری رکھا گیا ہے ۔
کاروبار، روزگار، تعلیم اور انسانی زندگی کے بنیادی سہولیات سے انہیں محروم رکھا جارہا ہے جس کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔مقررین نے کہا کہ صوبے کے بجٹ میں تیسرا حصہ بھی پشتونوں کا نہیں یعنی جو حصہ ایک بہن کا ہوتا ہے پشتونوں کو اس حق سے بھی محروم رکھا گیاہے ۔ اس پشتون بلوچ صوبے کے تمام شعبوں میں برابری اور انصاف لازمی ہے۔ پارٹی کارکنان اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط وفعال بنائیں اور عوام کو پارٹی صفوں میں شامل کریں۔
مقررین نے کہا کہ ملک یاسین مہترزئی کے خاندان کے افراد کی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ خوش آئند ہیں اور ان کے اس فیصلے کو بروقت قرار دیتے ہوئے سراہتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ اس قومی تحریک میں دیگر عوام کو بھی پارٹی صفوں میں شامل کرینگے تاکہ قومی سیاسی جمہوری اہداف کے حصول کی منزل کو پائے تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ پارٹی خان شہیدکے بتائے گئے راہ پر گامزن ہوکر ہی اپنے قومی اہداف کی حصول کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتی ہے کیونکہ خان شہید نے پشتون قوم کو فرنگی استعمار اور ان کی غلامی سے نجات دلانے اور پشتونوں کو سیال ،برابر قوم کی حیثیت دلانے اور ملک کو آئین دینے، ون مین ون ووٹ ، جمہوریت کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی جس کی پاداش میں انہیں تقریباً 33سال قید وبند کی سزائیں ملی۔
قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود کبھی بھی خان شہید نے اپنے اصولوں سے انحراف نہیں کیا ۔ اور پشتون قوم کی سیاسی بیدار میں اہم کردار ادا کیا ۔ اور ہمیں خان شہید ہی کے نقش قدم پر چل کر اپنے قوم اور تمام محکوم اقوام ومظلوم عوام کو نجات دلانی ہوگی









