پاکستان کا افغان طالبان رجیم کیخلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاکستانی فورسز کی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے 297 کارندے ہلاک اور 450 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پاکستانی حکام کے مطابق پاک فضائیہ نے 29 مقامات پر فضائی کارروائی کرکے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ افغان طالبان کی 89 چیک پوسٹیں تباہ جبکہ 18 چیک پوسٹوں پر پاک فوج نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، 135 ٹینک اور مسلح گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔ آپریشن غضب للحق اپنے اہداف کی تکمیل تک جاری رہے گا۔
قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد دہشتگرد جہنم واصل
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ ترین کارروائیوں میں پاک افغان سرحد پر غلام خان سیکٹر میں افغان پوسٹ کو تباہ کردیا گیا، اعظم وارسک سیکٹرمیں بھی افغان طالبان کی شاگا پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں تشکیل کی دراندازی کو ناکام بنادیا گیا، متعدد دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔ پاک فوج نے قلعہ سیف اللہ سیکٹرمیں افغانستان کی رحیم تھانہ پوسٹ کومکمل تباہ کردیا۔ پاک فوج نے قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں افغان طالبان کی اعلیٰ جرگہ تھانہ پوسٹ کو مکمل تباہ کردیا۔
29 مقامات پر فضائی کارروائی کر کے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق آپریشن غضب للحق میں 27 فروری کی رات گیارہ بجے تک افغان طالبان کے 297 کارندے ہلاک ہوگئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ افغانستان میں 29 مقامات پر فضائی کارروائی کر کے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے 297 کارندے ہلاک جبکہ 450 سے زائد کارندے زخمی ہوئے ہیں۔









