75

ّپاکستان مسلم لیگ (ن)کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی، راحیلہ درانی

پاکستان مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین بلوچستان کی صدر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے یہاں ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی، جس میں پارٹی کی خواتین کارکنان بھی انتخابی میدان میں اتریں گی۔ انہوں کہ ہم پر امیدہیں کہ میئر کوئٹہ کا عہدہ مسلم لیگ (ن)کے پاس ہوگا اور پارٹی کوئٹہ شہر کو ایک خوبصورت، ترقی یافتہ اور جدید میٹرو پولیٹن شہر کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔

راحیلہ درانی نے زور دے کر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)بلدیاتی انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا، “ہماری جماعت نے ہمیشہ جمہوریت اور ترقیاتی سیاست کو فروغ دیا ہے۔

ہم خواتین کو سیاست میں بلا امتیاز آگے لانے کے لیے پرعزم ہیں اور اسی کے پیش نظر مسلم لیگ (ن)کی خواتین کارکنان ان بلدیاتی انتخابات میں انتخابی میدان میں اتریں گی۔

“انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی مکمل طاقت کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جائے گی اور عوامی حمایت سے میئر کوئٹہ کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے پاس ہوگا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کوئٹہ کی ترقی کے حوالے سے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اس شہر کو ایک جدید میٹرو پولیٹن شہر میں تبدیل کر دے گی۔ “ہم کوئٹہ کی خوبصورتی، اس کی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی، اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر کام کریں گے، تاکہ یہ شہر ترقی کی نئی مثال قائم کر سکے۔

“محترمہ راحیلہ درانی،جو خود تعلیم اور خواتین کے امور پر سرگرم عمل ہیں ، نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خواتین کا احترام کرتی ہے اور انہیں سیاست میں بلا امتیاز آگے لانے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا، “ہم خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، چاہے وہ تعلیم کا میدان ہو، صحت کی دیکھ بھال، یا انفارمیشن ٹیکنالوجی ۔

ہماری جماعت خواتین کی صلاحیتوں کو سراہتی ہے اور انہیں قیادت کے عہدوں پر فائز کرتی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قائد مسلم لیگ (ن)میاں نواز شریف کا پیغام عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے، جس میں خوشحالی، ترقی، اور امن شامل ہے ۔محترمہ راحیلہ درانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے وژن اور ترقیاتی ایجنڈے کو مضبوط بنانے کے لیے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں اور اپنے ووٹوں سے پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں