35

پاکستان برطانیہ میں پاکستانی قومی ائیرلائن سے پابندی ہٹنے کے بعد اہم پیش رفت

برطانیہ میں پاکستانی قومی ائیرلائن سے پابندی ہٹنے کے بعد اہم پیش رفت ہوئی۔

قومی ائیرلائن نے برطانیہ کی پروازوں کیلئے یو کے سول ایوی ایشن کو تحریری درخواست دی ہے جس میں مانچسٹر کیلئے فوری پروازوں کی اجازت طلب کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی ائیرلائن کو یوکے سول ایوی ایشن سے پروازوں کی اجازت آئندہ چند روز میں ملنے کا یقین ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور قومی ائیرلائن اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے پروازیں چلائے گی جبکہ لندن اور برمنگھم کی پروازوں کیلئے بعد میں یوکے سی اے اے کو تحریری درخواست دی جائے گی۔

واضح رہے کہ بدھ کو 5 سال بعد برطانیہ نے پاکستانی ائیرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستان کو اپنی ائیر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا۔

جس کے بعد اب تمام پاکستانی ائیرلائنز برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کی درخواست دے سکتی ہیں۔ہر ائیرلائن کو برطانیہ میں پرواز کے لیے یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ مئی 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش ہونے والے حادثے کے بعد اس وقت کے وزیر ہوا بازی نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ ہمارے ملک کے ایک تہائی کمرشل پائلٹس کے پاس بوگس ڈگریاں ہیں جس کے بعد جون 2020 میں برطانیہ اور یورپ کے لیے پاکستانی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں