پاکستان چلڈرن اکیڈمی (ٹرسٹ)کے انتخابات میں آئندہ 3 سال کیلئے تمام امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا جبکہ تاحیات چیئرمین محترمہ ثاقبہ رحیم الدین ہوں گی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستا ن چلڈرن اکیڈمی (ٹرسٹ)کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے 3 سالہ انتخابات اکیڈمی کے مرکزی دفتر شارع خوجک میں منعقد ہوئے اس موقع پر بورڈ آف ٹرسٹیز کے تمام اراکین موجود تھے جبکہ فائیز رحیم الدین خان اورمحمد طارق بٹ نے آن لائن شرکت کی۔
چیئرمین کا عہدہ محترمہ بیگم ثاقبہ رحیم الدین خان کی اکیڈمی کیلئے بے مثال خدمات کی بنا پر تاحیات محترمہ بیگم کے پاس ہے۔ ان کی علالت کے باعث فائیز رحیم الدین خان قائم مقام چیئرمین کی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
قائم مقام چیئرمین کی خواہش تھی کہ جس طرح آئین کے مطابق بیگم صاحبہ کی موجودگی میں عہدیداروں کا انتخاب ہوتا تھا اب بھی اسی طریقے سے انتخابات کروائے جائیں۔
چنانچہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں اراکین میں سے خواہش مند حضرات نے مختلف عہددوں کیلئے اپنے نام پیش کئیگئے جن کے مقابلے میں کسی اور ممبر نے ان عہددوں کیلئے نام نہیں دیئے اس طرح تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ ان میں سینئر وائس چیئرمین کیلئے محمد آصف، وائس چیئرمین پروفیسر ربابہ حمید خان درانی، جنرل سیکرٹری حاجی عبدالغفار لانگو، جوائنٹ سیکرٹری سید باقر حسین ، فنانس سیکرٹری عبدالشکور اور سیکرٹری اطلاعات کیلئے فضل الرحمن منتخب ہوئے۔
کمیٹی کے دیگر اراکین سرور جاوید، محمد یوسف شاہین، نجیب اللہ، فیصل درانی، ثنا جبیں، محمد عدنان اور محمد طارق بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔بورڈ آف ٹرسٹیز کے اراکین نے منتخب امیدواروں کو منتخب ہونے پرمبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان چلڈرن اکیڈمی (ٹرسٹ)حسب سابق خدمات انجام دیتی رہے گی اور ملک اور خصوصا صوبہ بلوچستان کے طلبا کی پوشیدہ صلاحیتوں کو سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس موقع پر سینئر چیئرمین محمد آصف نے انتخابات باوقار طریقے سے منعقد کروانے پر مجلس عاملہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ جس طرح ماضی میں وہ بے لوث طریقے سے اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔منتخب اراکین نے عہد کیا کہ وہ آنے والے دنوں میں طلبا کیلئے منتخب سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھیں گے تاکہ ان کی خداداد صلاحیتں سامنے آسکیں اور مستقبل میں پاکستان کے اچھے اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔









