فرانس میں 18 سال قبل پکڑی گئی بلوچستان کی قیمتی نوادرات پاکستان کے سفارتخانے سے اب تک صوبے کو واپس نہ مل سکیں۔
سیکرٹری ثقافت وآثار قدِیمہ سہیل الرحمن بلوچ نے جیو نیوز کو بتایا کہ بلوچستان کے آثارقدیمہ 2006-2007 میں فرانس اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران فرانسسی ائیرپورٹ پر پکڑے گئے تھے جنہیں فرانسسی حکومت نے 2019 میں فرانس میں پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی سفارت خانے نے وہ نوادرات ابھی تک بلوچستان کو واپس نہیں کیے ہیں۔
محکمہ آثار قدیمہ نے ان نوادرات کی واپسی کیلئے صوبائی حکومت، وفاقی وزارت آثار قدیمہ اور فرانس میں پاکستانی سفارت خانے کو مراسلہ لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری ثقافت وآثار قدِیمہ نے بتایا کہ اٹلی اور برطانیہ میں بھی موجود بلوچستان کے نوادرات بھی واپس منگوائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ یو ایس ایڈ سے 9کروڑ روپے کی لاگت سے کوئٹہ کے عجائب خانے کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، تینوں ممالک اٹلی، برطانیہ اور فرانس سے نوادرات منگوا کر اس عجائب گھر میں رکھے جائیں گے۔