24

پاکستان پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری مذاکرات: پاکستان کا افغان سرزمین پر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی پر زور

پاکستان اور افغانستان کی وزارتِ خارجہ کے درمیان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے مذاکرات کا پہلا دور کامیابی سے مکمل ہو گیا جس میں پاکستان نے افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی وزارتِ خارجہ کے درمیان پیر کو اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے مذاکرات نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے 19 اپریل 2025 کو کابل کے دورے کے دوران ہونے والے فیصلوں کے تسلسل میں ہوئے۔

پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری (افغانستان و مغربی ایشیا) سفیر سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ افغان وفد کی قیادت افغان وزارتِ خارجہ کے فرسٹ پولیٹیکل ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل مفتی نور احمد نور نے کی۔

پاکستان نے افغانستان کی سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے گروہ پاکستان کی سیکورٹی کو نقصان پہنچاتے اور علاقائی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

مذاکرات میں تجارتی اور ٹرانزٹ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت کے لیے پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے دورہ کابل کے دوران اعلان کردہ اقدامات کے تناظر میں 10 فیصد پراسیسنگ فیس کے خاتمے، انشورنس گارنٹی کی فراہمی، اسکیننگ و معائنے میں کمی، اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں