کرکٹ آسٹریلیا نے کرکٹ شائقین کے لیے ایک شاندار اور منفرد سرپرائز متعارف کرایا ہے، امریکی بیس بال کی طرز پر اب بگ بیش لیگ کے میچز میں بھی شائقین میدان میں آنے والی گیند اپنے پاس رکھ سکیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے اعلان کے مطابق، ہر اننگز کے پہلے اوور میں اگر کوئی گیند چھکے یا چوکے کی صورت میں باؤنڈری پار کر کے تماشائیوں تک پہنچ جائے، چاہے سیدھی ہو یا اچھل کر، تو اب وہ گیند واپس کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ منفرد اقدام ایک مقامی بینک کے اشتراک سے کیا گیا ہے، جو حال ہی میں کرکٹ آسٹریلیا کا نیا پارٹنر بنا ہے۔ نیا اصول نہ صرف مینز بگ بیش لیگ بلکہ ویمنز بگ بیش لیگ میں بھی نافذ کیا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سیزن میں، مینز لیگ کے ہر دو میچز میں اوسطاً ایک گیند پہلے اوور میں کراؤڈ تک پہنچی تھی، جبکہ ویمنز لیگ میں یہ واقعہ تقریباً ہر 10 میچز میں ایک بار پیش آیا۔
حکام کے مطابق، اس قدم کا مقصد کھیل کو مزید انٹرایکٹو اور شائقین دوست بنانا ہے، تاکہ دیکھنے والوں کا جوش و خروش مزید بڑھے۔
ویمنز بگ بیش لیگ 9 نومبر سے جبکہ مینز لیگ 14 دسمبر سے شروع ہوگی، اور اس بار، شاید آپ بھی میدان میں آ کر اپنی “گولڈن کیچ” حاصل کر سکیں۔
40









