نوشکی: ضلع نوشکی کے کنٹریکٹ ویکسینیٹرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے رویے کے خلاف ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں انہوں نے احتجاجی اقدامات کا فیصلہ کیا۔
مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس اجلاس میں کنٹریکٹ ویکسینیٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ڈپٹی ڈی ایچ او کی جانب سے سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی گمنام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اطلاعات بے بنیاد اور غلط دورغ گوئی پر مبنی ہیں۔جن لیٹر کو سوشل میڈیا پر پھیلا جارہا ہے،وہ پورے بلوچستان کے لئے جاری ہوئے تھے جن میں نرسنگ اردلی،ویکسینیٹرز کا ذکر ہے اس لیٹر کے باوجود ضلع نوشکی کے نرسنگ اردلی اسٹاف کو تنخواہیں جاری ہوچکے ہیں جبکہ قریبی اضلاع کے ویکسی نیٹر بھی تنخواہیں لے رہے ہیں جبکہ نوشکی میں ڈپٹی ڈی ایچ او کے ہٹ دھرمی،بغض اور ملازم دشمنی کے باعث ویکسینیٹرز تنخواہوں سے محروم ہیں ۔
ان کا موقف تھا کہ یہ پوسٹس ڈپٹی ڈی ایچ او کو بے قصور ثابت کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔
شرکاء نے واضح کیا کہ انہیں صوبائی حکومت،محکمہ صحت اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی پالیسی کے تحت باقاعدہ طریقہ کار سے بھرتی کیا گیا تھا، اور انہوں نے مہینوں تک اپنی ڈیوٹیاں بھی احسن طریقے سے انجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے خطوط پورے بلوچستان کے لیے ہیں، جبکہ خاران اور چاغی کے ویکسینیٹرز کو باقاعدگی سے تنخواہیں جاری ہیں۔ تاہم، ڈپٹی ڈی ایچ او نوشکی ذاتی عناد کی بنا پر ملازمین کے ایچ آر فارمز پر دستخط کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ویکسینیٹرز گزشتہ *8 ماہ* سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔
کنٹریکٹ ملازمین نے ڈپٹی ڈی ایچ او پر صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے احکامات کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس “ملازم دشمن پالیسی” کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے اور احتجاجی مہم چلائیں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے *ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے دفتر اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ* کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلیٰ حکام سے اپیل
اجلاس کے اختتام پر کنٹریکٹ ویکسینیٹرز نے *وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری صحت* سے اپیل کی کہ وہ ڈپٹی ڈی ایچ او نوشکی کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کا نہ ملنا ضلع کے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ “ظلم” کے مترادف ہے۔