5

خضدار، بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جعلی مشروبات کے خلاف کارروائی، 1200 بوتلیں ضبط

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم (قلات زون)نے خفیہ اطلاع پر خضدار شہر میں جعلی مشروبات کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں مشتبہ کولڈ ڈرنکس ضبط کرلیں۔ کارروائی گزگی چوک خضدار میں اسسٹنٹ کمشنر خضدار کی موجودگی میں کی گئی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے اطلاع ملنے پر ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ایک مال بردار گاڑی میں لوڈ مشتبہ مشروبات کی کھیپ کو چیک کیا۔

ابتدائی معائنے کے دوران بوتلوں اور ریپرز کی پیکنگ اور پرنٹنگ کا معیار انتہائی ناقص پایا گیا جس سے ان مشروبات کے جعلی اور غیر معیاری ہونے کا قوی شبہ ظاہر کیا گیا۔حکام کے مطابق مذکورہ مشروبات کوئٹہ سے خضدار منتقل کیے گئے تھے اور انہیں مقامی مارکیٹ کی مختلف دکانوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

کارروائی کے وقت گاڑی میں موجود مشروبات کا مالک یا ذمہ دار شخص موقع پر موجود نہیں تھا۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 1200 مشتبہ کولڈ ڈرنکس ضبط کر کے ان کی مقامی مارکیٹ میں ترسیل روک دی۔ کارروائی ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔مزید برآں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مشروبات کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری تجزیہ کیلئے بھجوا دئیے ہیں تاکہ ان کی اصلیت اور معیار کا تعین کیا جا سکے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک اور غیر معیاری اشیا خوردونوش کی خرید و فروخت سے گریز کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں