26

کراچی، زائرین کے مسائل کے حل کی کوشش کر رہا ہوں، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اربعین کے لیے عراق جانے والے زائرین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، امید ہے کہ آج دوپہر تک معاملات حل ہو جائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ اس وقت ملک کو سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہے جس کے پیش نظر کچھ اقدامات ناگزیر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے میری درخواست پر بذریعہ روڈ روانگی مؤخر کر دی ہے، جبکہ کراچی سے حب جانے والا قافلہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بتایا کہ ان کی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری سے ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے جس میں زائرین کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے حکومت اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زائرین کی قیادت سے ایک اور ملاقات آج دوپہر متوقع ہے، جس میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ زائرین کے مسائل کا ادراک ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ بلا تاخیر اور باحفاظت اپنے مقدس سفر پر روانہ ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں