شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کےالیکٹرک نے دھابیجی میں مرمتی کام کیلیے 4 پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی جزوی طور پر بند کرنے کااعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی پر 22 میں سے 4 پمپنگ اسٹیشنز مینٹیننس کیلئے شٹ ڈاؤن کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق آج 4 اگست بروز پیر کو بن قاسم کلسٹر کے تحت آنے والے دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر ضروری مینٹیننس کا کام انجام دیا جائے گا۔
اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میننٹینس کیلئے شٹ ڈاؤن واٹر کارپوریشن حکام کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔
کےالیکٹرک ترجمان کے مطابق بجلی کی قابلِ بھروسہ فراہمی کیلئے مینٹیننس کا کام ضروری ہے، کے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
دوسری جانب ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ شٹ ڈاؤن کا یہ دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے پر محیط ہوگا کیونکہ مینٹیننس کا یہ عمل صبح 10 سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔ لہٰذا 4 اگست کو دھابیجی پر بجلی کی بندش کے سبب شہر کو پانی کی سپلائی متاثر ہوگی۔
ترجمان کے مطابق بجلی کی معطلی کے باعث کراچی شہر کو پانی کی فراہمی میں 100 ملین گیلن تک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔