چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس جنید غفار کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق چاروں صوبائی ہائیکورٹس اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔
بعد ازاں، سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس عتیق شاہ نامزد کیے گئے اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے جسٹس روزی خان کی نامزدگی کی گئی۔
علاوہ ازیں، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کیلئے جسٹس جنید غفار کو نامزد کیا گیا اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے جسٹس سرفراز ڈوگر کی نامزدگی کی گئی جب کہ جوڈیشل کمیشن نے اکثریتی رائے سے نامزدگیاں منظور کیں۔
اس سے قبل، ذرائع نے بتایا تھا کہ جسٹس منصور علی شاہ نے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کے دوران اعتراض اٹھادیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر فیصلہ پہلے ہونا چاہیے جس پر جسٹس منیب اختر نے بھی ان کی حمایت کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 2 ممبران جوڈیشل کمیشن نے بھی جسٹس منصور شاہ کی رائے کی حمایت کی، وزیر قانون خیبرپختونخوا نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے سے اتفاق کیا۔