11

جمعیت علماء اسلام کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے اعلان کے مطابق 8 فروری کو یومِ سیاہ بھرپور انداز میں منایا جائے گا،مولانا عبدالرحمن رفیق

جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیرِ صدارت ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، مولانا خورشید احمد، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، مولانا سعید احمد، حافظ دوست محمد، مولانا عبدالبصیر، حاجی ولی محمد بڑیچ، عبدالصمد حقیار، مولانا شعیب جدون، مفتی نیک محمد، مولوی علی جان، مولوی سید سعداللہ آغا، سیٹھ اجمل بازئی، میرسرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں جماعتی امور، کوئٹہ میں اضلاع کی تشکیل اور حد بندی، نوحصار تا اغبرگ قبائلی اراضی کی الاٹمنٹ، سمنگلی روڈ کی بندش، گرینڈ الائنس کو درپیش مشکلات اور 8 فروری کو منائے جانے والے یومِ سیاہ کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے اعلان کے مطابق 8 فروری کو یومِ سیاہ بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

اجلاس میں لیاقت بازار میں پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت متاثرہ پلازہ اور دکانوں کے مالکان کو ان کے اموال کا مکمل معاوضہ فوری طور پر ادا کرے۔ اراضی کی سیٹلمنٹ کے عمل میں بعض سیٹلمنٹ افسران کی جانب سے قبائل سے پچاس فیصد زمینوں کا مطالبہ کرنا ظالمانہ عمل قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ شدید سردی کے باوجود اہلِ کوئٹہ کو گیس اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، جو قابلِ افسوس ہے۔ کوئٹہ میں حد بندی اور تقسیم کے عمل میں سیاسی جماعتوں اور ماہرین کی مشاورت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ قبائل کی جدی پشتی اراضی پر کسی قسم کا سرکاری قبضہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ سمنگلی روڈ کی بندش عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گی۔

اجلاس میں گرینڈ الائنس کے خلاف طاقت کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ان کے قائدین کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ اس موقع پر کلی جلتن رئیسانی سے تعلق رکھنے والے جمعیت کے کارکن عبد الودود کو فوری طور پر عدالت میں پیش کرکے ان کی ناجائز روپوشی ختم کرنے کے مطالبے پر مبنی قرارداد بھی منظور کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ کی بھابھی اور حاجی عطائ محمد شمشوزئی کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں