وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے اور اس کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر اعظم نے یہ بات ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ وزیر اعظم آفس میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، شہباز شریف کا کہنا تھا مسعود پزشکیان بطورایرانی صدر پہلی مرتبہ پاکستان کےدورے پر آئے ہیں، ان کے ساتھ باہمی روابط، تعلقات، بھائی چارے، مذہبی اور جغرافیائی امور سمیت دیگر معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا جون میں اسرائیل نے بغیر کسی وجہ کے ایران کے خلاف جارحیت کی، پاکستان اور یہاں کے عوام نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا آج ایران کے ساتھ کئی ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں، خواہش ہے بہت جلد یہ معاہدوں کی شکل اختیار کریں، ایران اور پاکستان نے 10 ارب ڈالرز کی تجارت کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو پُرامن مقاصد کیلئے جوہری طاقت حاصل کرنے کا پورا حق ہے، پاکستان پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے حصول کے ایرانی مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے، اچھے وقت میں سب دوست ہوتے ہیں، اصل دوست وہ ہوتا ہے جوبرے وقت میں ہاتھ تھامے۔