انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی بعض ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی وطن واپسی میں تاخیر مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران اور اس کے نتیجے میں بین الاقوامی فضائی سفر میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث ہوئی ہے۔
آئی سی سی کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق خطے میں فضائی حدود کی بندش، میزائل وارننگز، پروازوں کے راستوں میں تبدیلی اور کمرشل و چارٹر پروازوں کی اچانک منسوخی یا ری شیڈولنگ کے باعث سفری انتظامات غیر معمولی طور پر پیچیدہ ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ تمام عوامل اس کے کنٹرول سے باہر ہیں جس کے باعث ٹیموں کی واپسی میں تاخیر ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی متاثرہ ٹیموں کی جلد اور محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ایئر لائنز، چارٹر آپریٹرز، ایئر پورٹ حکام اور مختلف ممالک کے سرکاری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
آئی سی سی کے مطابق موجودہ انتظامات کے تحت جنوبی افریقا کا دستہ آج رات وطن واپسی کا سفر شروع کرے گا اور توقع ہے کہ آئندہ 36 گھنٹوں کے اندر تمام ارکان روانہ ہو جائیں گے۔
اسی طرح ویسٹ انڈیز کے 9 ارکان پہلے ہی کیریبیئن کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ باقی 16 ارکان آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت سے روانہ ہونے والی پروازوں میں سوار ہوں گے۔









