اداکارہ و ٹی وی میزبان فرح حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بہتر ازدواجی زندگی گزارنے اور بچوں کی پرورش کی خاطر اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی تھی۔
شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان فرح حسین نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے میزبان عمران اشرف کے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ انہوں نے بطور اداکارہ کیریئر کا آغاز کیا تھا لیکن جلد ہی انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر شو کرنا شروع کر دیا۔
ان کے مطابق جس وقت انہوں نے پی ٹی وی پر مارننگ شو شروع کیا اس وقت اور بعد میں بھی کافی وقت تک نجی چینلز پر مارننگ شوز کا رجحان نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی کم عمری کی وجہ سے انہیں متعدد بار مارننگ شو کی میزبانی کے لیے مسترد کیا گیا لیکن بالآخر انہیں شو کرنے کا شرف حاصل ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا شو مقبول ہوگیا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا ہے کہ زندگی خدا کی جانب سے انسان کو عطا کیا گیا سب سے خوبصورت تحفہ ہے، ہر لمحے، ہر سانس اور ہر دن کو خوبصورت تحفہ سمجھ کر گزارا جانا چاہیے۔









