پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ چیلنج کرتی ہوں پیپلزپارٹی نے پورے سندھ میں بہترین کام کیا ہے سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دینے کا وعدہ کیا تھا 6 لاکھ گھر بنا چکے ہیں، گمبٹ جیسا لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ پورے پنجاب میں دکھا دیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلافاروقی نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین مشکلات کا شکار رہے ہیں، بلاول بھٹو نے بطور وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کی تعریف کی تھی اور مشورہ دیا بی آئی ایس پی ڈیٹا کے ذریعے متاثرین کی مدد کریں، مشورے پر غور کے بجائے ن لیگ کی جانب سے تنقید شروع کر دی گئی۔
شرمیلافاروقی نے کہا کہ ہم نے مشورہ دیا اس پر کہا گیا کہ میرا پانی، میرا صوبہ اور میری مرضی، ہم نے کہاں پانی کی بات کی جس پر کہا جا رہا ہے کہ یہ میرا پانی ہے، پانی کسی کا نہیں یہ پاکستان کا پانی ہے اور اس پر پورے ملک کاحق ہے، بی آئی ایس پی کا ڈیٹا موجود ہے جس سے متاثرین کی مدد کی جاسکتی ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کی حیثیت سے قربانیاں دی ہیں، نوازشریف نے ہمیشہ این ایف سی ایوارڈ میں قربانیاں دی ہیں ن لیگ کی جانب سےکوئی پنجاب یا پنجابی کی بات نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے واضح کہا ہم عزت دار لوگ ہیں کیوں کسی سے پیسے مانگیں، ہم کراچی پر بات کرتے ہیں تو پھر پیپلزپارٹی والوں کو برا لگتا ہے پیپلزپارٹی طویل حکمرانی کے باوجود کراچی میں نلکے میں پانی نہیں لاسکی۔









