27

بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم، چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی، نوشہرہ میں سیلاب

محکمہ موسمیات نے ملک کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی، ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لاہور میں آئندہ چند روز تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی، حبس کی شدت بھی برقرار رہے گی، لاہور میں تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔

ڈائریکٹر عبدالعزیز نے یہ بھی بتایا کہ 13 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، لاہور میں ہلکی بارش تو ہو سکتی ہے مگر تیز بارش کا کوئی امکان موجود نہیں۔

مشرقی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

سوات، دیر، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، مالاکنڈ، خیبر، باجوڑ، اورکزئی اورکوہاٹ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

دوسری طرف نوشہرہ شہر اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر گئے اور پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، نوشہرہ میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

نوشہرہ میں وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی، ریلوے کالونی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، ڈسپنسری بھی محفوظ نہ رہی۔

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہا تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں