بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر کیے گئے دل دہلا دینے والے قتل پر شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات بھی خاموش نہ رہ سکیں۔
اداکارہ ہانیہ عامر اور نعیمہ بٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کے ذریعے نہ صرف واقعے کی مذمت کی بلکہ معاشرتی اقدار پر بھی سوالات اٹھا دیے۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں صرف ایک جملہ لکھا ہوا لیکن اس ایک جملے نے معاشرے کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔
ہانیہ عامر نے جو تحریر شیئر کی اس میں لکھا تھا کہ ’’اگر عورتیں غیرت کے نام پر قتل شروع کر دیں تو معاشرے میں ایک بھی مرد زندہ نہ بچے‘‘۔
ہانیہ عامر نے اس عکسی پوسٹ پر کوئی کیپشن نہیں دیا لیکن پیغام بالکل واضح اور پُرتاثیر تھا۔ ان کا اشارہ بلوچستان واقعے کی جانب تھا۔
اداکارہ نعیمہ بٹ نے ڈیگاری واقعے کی تصویر کے ساتھ ایک معنی خیز کیپشن شیئر کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ڈرپوک دیکھا ہے؟ وہ دیکھو ہاتھ میں بندوق ہے۔ بہادر دیکھنا ہے؟ وہ دیکھو ہاتھ میں قرآن ہے۔ بس اتنی سی کہانی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان دونوں کی پوسٹس کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ معاشرے میں قانون کی عمل داری بے حد ضروری ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ عید الاضحیٰ سے چند روز قبل کا ہے تاہم اس کی ویڈیو اب وائرل ہوئی اور حکام نے ایکشن لیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند مسلح افراد خاتون اور مرد کو لاتے ہیں اور کچھ فاصلے پر کھڑا کرکے گولیاں مار دیتے ہیں۔