وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اسے شمسی توانائی سے چلانے کے منصوبے زیر غور ہیں۔
گوادر بندرگاہ، جو ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل تعمیر کی گئی تھی، اب تک غیر فعال ہی رہی ہے، جس کے باعث وفاقی حکومت نے اس کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) اور ایک چینی کمپنی نے بندرگاہ پر سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ اسے ایک ’ علاقائی ٹرانس شپمنٹ مرکز’ کے طور پر ترقی دی جا سکے۔
وزارت بحری امور کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بندرگاہ کی کارروائیوں کو بہتر بنانے کے مقصد سے منعقدہ ایک اجلاس میں محمد جنید انور چوہدری نے اعلان کیا کہ ’ شمسی توانائی پر مبنی حل نافذ کرنے کی کوششیں جاری ہیں’ تاکہ گوادر بندرگاہ کی عملی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے۔









