پاکستان نے ملک کی پہلی سولر پینلز کی خصوصی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کر دی ہے، جسے کوریا کی معاونت سے عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ یہ جدید لیبارٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے مشترکہ منصوبے کے تحت قائم کی گئی ہے۔
لیبارٹری کے قیام کے لیے کورین کمپنی نے 9.5 ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جبکہ پاکستان کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام نے 185.8 ملین روپے کا اضافی فنڈ فراہم کیا۔ اس جدید سہولت کے ذریعے ملک میں درآمد ہونے والے اور مقامی طور پر تیار کیے جانے والے سولر پینلز کا سخت ٹیسٹنگ عمل ممکن ہوگا، جو معیار اور کارکردگی کی یقین دہانی کرائے گا۔
کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے صدر چانگ وون سیم اور جنوبی کورین سفیر پارک جے لارک نے اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم پاکستان میں سولر ٹیکنالوجی کے فروغ اور قابلِ اعتماد شمسی توانائی کے حل فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔









