گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سیاست ایک سماجی ذمہ داری ہے،لوگوں میں اپنے حقوق و فرائض کا اجتماعی احساس جگانے، سماجی انصاف کا بول بالا کرنے، جمہوری رویوں کو فروغ دینے اور عوامی حقوق و اختیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے میں سیاسی تنظیمیں اور سیاسی کارکنان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
اس ضمن میں تمام نومنتخب عوامی نمائندوں کی سیاسی اور سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرنے کیلئے شعوری کاوشیں کریں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ژوب کے دور ہ کے موقع پر مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا جن میں سیاسی رہنما ، قبائلی عمائدین، سماجی معززین، یونیورسٹی اور کالج کے طلبا شامل تھے ،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کیلئے معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر خوشحالی لائے ۔
انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر ان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی خدمت ہے اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہونا ہی ایک صحت مند معاشر ہ کی تشکیل کا ا ٓغاز ہے۔بعدازاں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ژوب ڈو یژن اسپورٹس فیسٹیول 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ، ہمارے نوجوان کھلاڑی اپنے ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ ان کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے ژوب ڈو یژن اسپورٹس فیسٹیول 2025 کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین کو مبارکباد دی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے.









