7

گوگل سرچ انجن میں بڑی اے آئی اپ ڈیٹ

گوگل کی خواہش ہے کہ صارفین اس کے آئیکونک سرچ انجن کو اسی انداز میں استعمال کریں جیسے وہ اس کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ماڈل جیمنائی کو کرتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سرچ انجن میں موجود اے آئی اوور ویوز فیچر کو اب جدید جیمنائی 3 ماڈل پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے بعد صارفین کو زیادہ جامع اور گفتگو پر مبنی جوابات فراہم کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ گوگل سرچ میں ایک اے آئی چیٹ ونڈو بھی شامل کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین فالو اپ سوالات پوچھ سکیں گے اور انہیں فوری جوابات ملیں گے۔ اس وقت فالو اپ سوالات کے لیے صارفین کو گوگل سرچ کے اے آئی موڈ میں جانا پڑتا ہے، جہاں اے آئی ٹیکنالوجی سوالات اور ذیلی سوالات کے جوابات فراہم کرتی ہے۔

کمپنی کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کی آزمائش گزشتہ کچھ عرصے سے جاری تھی، جس کے بعد اب اسے عالمی سطح پر موبائل صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ طویل عرصے تک گوگل سرچ انجن میں کی ورڈز کے استعمال پر زور دیا جاتا رہا، جس کے باعث صارفین کو بے شمار سرچ نتائج کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تاہم اب گوگل کا کہنا ہے کہ صارفین طویل، قدرتی اور گفتگو جیسی سرچز کے ذریعے اپنی مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق اے آئی اوور ویوز میں کی جانے والی ان تبدیلیوں کے بعد صارفین سرچ انجن سے اسی طرح بات چیت کر سکیں گے جیسے وہ جیمنائی اے آئی کے ساتھ کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں