پپیتا ایک غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس میں فائبر، وٹامنز اور قدرتی انزائمز پائے جاتے ہیں، جو ہاضمہ بہتر بنانے، قوتِ مدافعت مضبوط کرنے اور جلد کی صحت کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ پپیتا ہر فرد کے لیے یکساں طور پر محفوظ نہیں اور بعض افراد کو اس کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق حاملہ خواتین کو خاص طور پر کچے یا نامکمل پکے پپیتے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ اس میں موجود لیٹیکس رحم کے انقباضات کو تحریک دے سکتا ہے جو حمل کے ابتدائی مہینوں میں پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے۔ مکمل پکا پپیتا بھی محدود مقدار میں اور ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کرنا چاہیے۔
اسی طرح لیٹیکس الرجی کے شکار افراد میں پپیتا خارش سوجن یا سانس لینے میں دشواری جیسے الرجک ردعمل پیدا کر سکتا ہے۔ تھائرائڈ کے مریضوں کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ پپیتا آیوڈین کے جذب میں مداخلت کر سکتا ہے اس لیے انہیں اس کے زیادہ استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کے مطابق خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرنے والے افراد کو بھی پپیتا کھانے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے کیونکہ اس میں موجود بعض اجزا خون کو مزید پتلا کرنے کا اثر رکھ سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر صحت مند بالغ افراد کے لیے روزانہ 100 سے 150 گرام پکا ہوا پپیتا محفوظ اور فائدہ مند ہے تاہم بہت زیادہ مقدار یا خالی پیٹ پپیتا کھانے سے پیٹ پھولنے یا دست کی شکایت ہو سکتی ہے۔
پپیتا ہاضمے میں مدد دیتا ہے قوتِ مدافعت بڑھاتا ہے، جلد کی صحت بہتر بناتا ہے دل اور بلڈ پریشر کے لیے مفید ہے اور وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے بشرطیکہ اسے اعتدال کے ساتھ استعمال کیا جائے۔









