خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے مالی سال 2025-26ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کر لیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق جولائی سے دسمبر تک سیلز ٹیکس آن سروسز سے 23 ارب 26 کروڑ روپے کے محاصل اکٹھے کیے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ وصولیاں 17 ارب 92 کروڑ روپے تھیں۔
کیپرا میڈیا ونگ کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 5 ارب 34 کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو صوبے بھر میں سروسز سیکٹر میں ٹیکس نیٹ کے پھیلاؤ اور مؤثر انفورسمنٹ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
اتھارٹی نے رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں مجموعی طور پر 26 ارب 62 کروڑ روپے کے محاصل جمع کیے جن میں 23 ارب 26 کروڑ روپے سیلز ٹیکس آن سروسز جبکہ 3 ارب 36 کروڑ روپے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں وصول کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی محاصل 23 ارب 81 کروڑ روپے تھے جن میں سیلز ٹیکس آن سروسز سے 17 ارب 92 کروڑ اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سے 5 ارب 89 کروڑ روپے شامل تھے۔
ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے ادارے کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس آن سروسز میں اضافہ بہتر منصوبہ بندی مؤثر انفورسمنٹ اور فیلڈ اسٹاف کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔









