29

حوالہ ہنڈی کے خلاف بلوچستان میں بڑی کارروائی؛ کروڑوں کی غیر قانونی کرنسی برآمد

حوالہ ہنڈی کے خلاف بلوچستان میں ایک بڑی کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی غیر قانونی کرنسی برآمد کرلی گئی۔

ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا کی ہدایت پر ملک بھر میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت ایف آئی اے بلوچستان زون نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اہم کارروائی انجام دی ہے۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل چمن نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم عبدالعہد کو چمن سے گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 3 لاکھ سعودی ریال اور 2900 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں 2 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے غیر قانونی کرنسی کے لین دین سے متعلق اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے، جب کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کرنسی کی ملکیت اور ذرائع سے متعلق حکام کو کوئی تسلی بخش جواب فراہم نہ کر سکا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کے دیگر عناصر تک رسائی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی کرنسی نیٹ ورکس کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں