34

منشیات کی پیداوار اور بڑھتے ہوئے استعمال کو ختم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،گورنر بلوچستان

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال اور دیگر نقصان دہ اشیاء کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی تشویشناک ہے منشیات کی پیداوار اور بڑھتے ہوئے استعمال کو ختم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اس لعنت سے نمٹنے کیلئے حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،منشیات کے استعمال کے خلاف جنگ میں تعلیم اور آگہی اہم اجزاء ہیں، اس لئے اپنے نوجوانوں اور ہماری قوم کے مستقبل کے تحفظ کیلئے موثر کوششیں لازمی ہے، بدقسمتی سے منشیات کا استعمال سب سے زیادہ نوجوانوں میں پھیل رہا ہے اور اس کا بڑھتا ہوا استعمال ہمارے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو متاثر کر رہا ہے اور ملک کے مستقبل کے معماروں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے پیگاسز ہال میں منعقدہ منشیات جلانے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اینٹی نارکوٹیکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالمعید، این ایف بلوچستان کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر عدنان دانش خان، بلوچستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، مذہبی اسکالرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کی سطح پر منشیات کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو اس پر کڑی نظر رکھنی ہوگی۔ اس سلسلے میں بالخصوص پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف تعلیمی اداروں میں منشیات کا مکمل خاتمہ ہوگا بلکہ ہمارے تعلیمی اداروں کو بھی اس لعنت سے بچایا جا سکے گا۔

آج کل منشیات فیکٹریوں میں آسانی سے تیار کی جاتی ہیں، وہ بہت قابل رسائی ہیں اور کم قیمتوں پر دستیاب ہیں. نوجوان انہیں اپنی جیب میں رکھتے ہیں، ایک دوسرے سے بھی لیتے ہیں اور استعمال کرتے ہیں جس پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ منشیات نے پوری دنیا کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ بازاروں اور گلیوں میں دستیاب منشیات کے خلاف کارروائی کی جائے اور اگر دورافتادہ علاقوں میں کاشت کی جائے تو انہیں فوری طور پر تلف کیا جائے۔

اے این ایف ہر قسم کی منشیات کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ حکومت کیلئے ہر جگہ پہنچنا مشکل ہے۔ حکومت کی ان کاوشوں میں عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے کیونکہ منشیات کی وبا کا خاتمہ اصل جہاد ہے۔ ہم باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم کے ذریعے منشیات کے خلاف اپنے نیٹ ورک کو مزید مضبوط کر سکتے ہیں۔ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جو کہ بڑے پیمانے پر گلوبل تشویش بنتی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں حکومت پاکستان منشیات کی لعنت سے لڑنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے اور ہم اپنے ملک کو اس لعنت سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم اپنے تمام بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کیلئے ان کے مشکور ہیں۔ اے این ایف نے لوگوں کو منشیات کے استعمال کے بارے میں آگہی دینے کیلئے بڑے پیمانے پر آگہی اور کمیونٹی کی شرکت کے پروگرامز میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ منشیات جلانے کی تقریب کے اختتام کے موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان نے بٹن دبا کر بڑی مقدار میں منشیات نذر آتش کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں