عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں نے ایک بار پھر تیزی سے اوپر کا رخ کر لیا ہے، جہاں ایک ہی دن میں تقریباً 10 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس غیر معمولی اضافے کے بعد برینٹ کروڈ آئل 101 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت 9.29 ڈالر اضافے کے بعد 101.3 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی 9.02 ڈالر مہنگا ہو کر 96.27 ڈالر فی بیرل پر جا پہنچا۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی توانائی منڈی کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس سے قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی توانائی ایجنسی کی جانب سے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے 400 ملین بیرل تیل کے ذخائر مارکیٹ میں جاری کرنے کا اعلان بھی کیا گیا مگر اس اقدام کے باوجود تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں آ سکی اور مارکیٹ میں تیزی برقرار رہی۔









