وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آبادی اور دستیاب وسائل میں توازن قائم رکھنا ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے
حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود، صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں
یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک معتدل اور متوازن آبادی کا معاشی ترقی، قدرتی وسائل کے بہتر استعمال، اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول سے گہرا تعلق ہے
حکومت بلوچستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ باشعور اور ذمہ دار معاشرہ ہی بہتر مستقبل کی ضمانت دیتا ہے اور اسی لیے عوامی آگاہی،
منصوبہ بندی اور سماجی بہتری پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ آبادی سے متعلقہ امور پر مربوط حکمت عملی کے تحت ہم ایک ایسا بلوچستان تعمیر کرنا چاہتے ہیں
جہاں ہر فرد کو ترقی اور بہتر معیار زندگی کے یکساں مواقع میسر ہوں وسائل کا منصفانہ استعمال ہو اور ہر خاندان ایک بہتر زندگی گزار سکے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے ترقیاتی اہداف کے حصول میں تمام شراکت داروں سے تعاون جاری رکھے گی تاکہ خوشحال، صحت مند اور باشعور بلوچستان کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے انہوں نے کہا کہ صحت مند اور باوقار زندگی ہر شہری کا حق ہے اور ہم اس حق کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔