برطانیہ کے امپیریل کالج لندن اور جاپان کی کیوشو سانگیو یونیورسٹی کے محققین نے اپنی مشترکہ تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی کہ مخصوص ویڈیو گیمز ذہنی صحت پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہیں۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق نِنٹینڈو کی مشہور گیمز جیسے سپر ماریو برادرز اور یوشی سیریز نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ ذہنی سکون اور خوشی میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔
ریسرچ کے سربراہ اور امپیریل کالج لندن کے پروفیسر اینڈریاس آئزنگرچ کے مطابق برن آؤٹ سے نمٹنے کے لیے صرف روایتی طریقے، جیسے آرام یا ذہنی مشقیں، ہی کافی نہیں ہوتیں۔ بعض اوقات زندگی کی چھوٹی اور سادہ خوشیوں سے دوبارہ جڑنا بھی انسان کو جذباتی طور پر مضبوط بنا سکتا ہے۔ ان کے نزدیک یہ کلاسک گیمز اسی قسم کی خوشی کا ذریعہ ہیں۔
تحقیق کے پہلے مرحلے میں 41 یونیورسٹی طلبہ کے تفصیلی انٹرویوز کیے گئے۔ طلبہ نے بتایا کہ ماریو اور یوشی جیسی گیمز کھیلتے ہوئے انہیں ایک خاص قسم کی خوشی محسوس ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یہ گیمز ذہن کو وقتی طور پر روزمرہ کی ذمہ داریوں سے آزاد کر دیتی ہیں اور انسان خود کو بچپن کی بے فکری میں واپس جاتا ہوا محسوس کرتا ہے۔









