124

بوستان سپیشل اکنامک زون صوبہ میں صنعتی و معاشی ترقی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے ،کمشنر کوئٹہ

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون صوبہ بلوچستان میں صنعتی و معاشی ترقی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ مستقبل قریب میں خطے کی تقدیر بدلنے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور سیکرٹری انڈسٹریز محمد خالد سرپرہ کے ہمراہ بوستان اسپیشل اکنامک زون کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی، ڈائریکٹر اسپیشل اکنامک زونز آصف کھوسہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور مقامی قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران مقامی قبائل کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے میں زمینوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے کہا کہ زمینوں کی الاٹمنٹ کے معاملات کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے حل کیا جائے گا اور مقامی قبائل کو اعتماد میں لے کر مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور یہاں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے منصوبے شروع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس زون میں مختلف صنعتوں کے قیام سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جو بلوچستان کی معیشت کو استحکام بخشنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مقامی لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اس منصوبے کے حقیقی شراکت دار بن سکیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ زمینوں کی الاٹمنٹ اور سرمایہ کاری کے امور کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے تاکہ ترقیاتی عمل میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔بوستان اسپیشل اکنامک زون بلوچستان حکومت کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے میں سرمایہ کاری، روزگار کی فراہمی اور صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں