مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے مرکزی ترجمان کاشف حیدری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید عبدالقیوم آغا نے صوبہ بھر کے تاجروں کی مشاورت کے نتیجے میں تنظیمی انتخابات 2025/28 کیلئے الیکشن کمیٹی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی حقیقی نمائندگی اور مضبوط تنظیمی ڈھانچے کا تقاضا یہی ہے کہ انتخابات شفاف، منصفانہ اور واضح طریقہ کار کے ساتھ منعقد کئے جائیں تاکہ ہر تاجر اپنا اعتماد اور حق رائے دہی آزادی کے ساتھ استعمال کر سکے۔
اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیٹی کے چیئرمین سینئر تاجر رہنما حاجی امیر حمزہ خلجی ہوں گے جبکہ اراکین میں یاسین آغا، اسماعیل داوی، حاجی محمد یوسف اور سیف الدین نثار شامل ہوں گے جو پورے انتخابی عمل کی نگرانی اور تکمیل یقینی بنائیں گے۔
کاشف حیدری نے کہا کہ 18 نومبر کو کوئٹہ سے گوادر تک اور بلوچستان بھر کی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز سے تعلق رکھنے والی تاجر برادری اپنے آئندہ تین سالہ قیادت کے انتخاب کیلئے پولنگ میں حصہ لے گی۔
اسی تاریخ کو آل بلوچستان تاجر کنونشن بھی منعقد ہوگا جس میں کاروباری مسائل، بارڈر ٹریڈ، ٹیکس نظام، مارکیٹ سیکیورٹی اور حکومتی سطح پر رابطہ کاری سے متعلق اہم فیصلے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ الیکشن اور تاجر کنونشن بلوچستان کے تاجروں کے لیے تنظیمی استحکام، اقتصادی حقوق کے تحفظ اور اجتماعی آواز کی مضبوطی کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے تمام تاجر برداران سے اپیل کی کہ وہ اتفاق و اعتماد کے ساتھ اس تنظیمی عمل میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی رائے کا استعمال ذمہ داری اور سنجیدگی کے ساتھ کریں۔









