بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)کی لائسنسنگ و ایکریڈیٹیشن ٹیم نے کوئٹہ میں صحت کے مراکز کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں اور لیبارٹریز کا اچانک معائنہ کیا۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ نے اے پی پی کوبتایاکہ جمعرات کو بی ایچ سی سی ٹیم نے بغیر اطلاع کے اکرم ہسپتال اور سلطان ترین ہسپتال کا فالو اپ دورہ کیا، جنہیں عارضی لائسنس جاری کیا جا چکا ہے، تاکہ ان کی کارکردگی اور بی ایچ سی سی کے مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔
اسی دوران اکرم ہسپتال اور سلطان ترین ہسپتال کی لیبارٹریزکا بھی بغیر اطلاع معائنہ کیا گیا، جہاں عارضی لائسنس کے اجرا کے لیے لیبارٹری رجسٹریشن کی تصدیق اور مریضوں کی حفاظت کے کلیدی اصولوں (Key Patient Safety Areas) پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
دوسری جانب بی ایچ سی سی کی ٹیم نے سلیم میڈیکل کمپلیکس کے علاقے میں بھی فیلڈ وزٹ کیا، جہاں مجموعی طور پر چار صحت کے مراکز کا معائنہ کیا گیا، جن میں دو لیبارٹریز، ایک ڈینٹل ایکس رے سہولت اور ایک ڈینٹل و ایستھیٹک کلینک شامل تھے۔
تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد ایک لیبارٹری کو غیر رجسٹریشن اور بی ایچ سی سی قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔بی ایچ سی سی حکام کے مطابق یہ اقدامات صوبے بھر میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، کلینیکل گورننس کے فروغ اور عطائیت کے خاتمے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہیں۔کمیشن نے تمام صحت کے مراکز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور مقررہ قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









