الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حکومت بلوچستان کو کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو خط ارسال کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے حکومت بلوچستان کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی تاکید کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن نے ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے، انتخابی کارروائیوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
کوئٹہ ضلع میں بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر 2025 کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 3 نومبر کو جاری کیا تھا۔









