بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دودھ اور ڈیری مصنوعات میں ملاوٹ کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے جس کے تحت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔ مہم کا مقصد عوام کو خالص اور معیاری دودھ و دہی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اس ضمن میں بی ایف اے کی ٹیموں نے سمنگلی، خیزی چوک، ہزار گنجی، جتک اسٹاپ، کاسی روڈ، میکانگی روڈ اور گوالمنڈی چوک میں دودھ بردار گاڑیوں، ملک شاپس اور ڈیری فارمز کی اچانک چیکنگ کی۔
کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 18 دکانوں، 2 ڈیری فارمز اور 36 دودھ بردار گاڑیوں سے 7470 لیٹر دودھ اور سینکڑوں کلو دہی کے نمونے حاصل کیے گئے جنہیں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے فوری طور پر ٹیسٹ کیا گیا۔
ٹیسٹنگ کے دوران متعدد نمونوں میں پانی اور خشک دودھ پاو ڈر کی بھاری مقدار میں ملاوٹ کی تصدیق ہوئی، جس پر 150 لیٹر ملاوٹی دودھ، خشک پاوڈر کی بڑی مقدار اور پاوڈر سے تیار کردہ 140 کلو دہی تلف کر دی گئی۔
اس کے علاوہ غیر معیاری دودھ و دہی فروخت کرنے والے 9 ملک سپلائرز اور دکان مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق کے مطابق ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو مضر صحت و ملاوٹی خوراک سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دودھ اور ڈیری مصنوعات میں ملاوٹ عوام کی صحت کے ساتھ کھلا کھیل ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فوڈ اتھارٹی ہمہ وقت متحرک ہے









