27

صوبائی وزیر نورمحمددمڑ کی زیرصدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے بورڈ کااجلاس

صوبائی وزیر کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی زیر صدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے بورڈ کا 12واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی ، صوبائی سیکرٹری کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ارشد حسین بگٹی، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان، چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے نمائندوں سمیت بورڈ کے معزز اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مختلف ایجنڈا نکات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ناقص اور مضر صحت خوراک کے خاتمے کے لیے آئندہ حکمت عملی، انسپیکشن نظام کی بہتری، جدید لیبارٹری سہولیات کی فراہمی اور عوامی آگاہی مہمات کو مزید موثر بنانے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے دوران ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ رواں مالی سال کی نظرثانی شدہ وصولیوں اور بجٹ تخمینوں کے ساتھ آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے آمدن اور بجٹ کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ بی ایف اے کے تکنیکی عملے کے کنٹریکٹس میں توسیع اور صوبے کے ڈویژنل و ضلعی سطح پر بی ایف اے دفاتر کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بل بورڈز اور ڈیجیٹل اسکرینز کی تنصیب، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر انجمن تاجران اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور فوڈ سیفٹی قوانین کے نفاذ میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ادارے کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناقص اور ملاوٹی خوراک کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں تاہم اس میں عوام کا تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کہیں بھی ناقص یا ملاوٹی خوراک کی نشاندہی کی صورت میں فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں