میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے بابراعظم اور اسمتھ کی ممکنہ شراکت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ دونوں عظیم بیٹر بگ بیش لیگ کے 15ویں سیزن میں سڈنی سکسرز کی جانب سے ایک ساتھ بیٹنگ کرتے ہیں تو یہ شائقین کرکٹ کیلئے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔
سڈنی سکسرز نے رواں ماہ کے آغاز میں بابراعظم کو اپنے براہ راست غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر سائن کیا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ وہ پورا سیزن ٹیم کے ہمراہ رہیں گے، اس تناظر میں اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم اور آسٹریلوی اسٹار اسٹیو اسمتھ ایک ساتھ وکٹ پر دکھائی دیں گے۔
ایرون فنچ نے بگ بیش پوڈکاسٹ میں میزبان ایڈم وائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت غیر معمولی ہوگا، اسمتھ جب بھی بگ بیش میں کھیلتے ہیں، وہ دوسروں سے ایک درجہ اوپر نظر آتے ہیں اور جب آپ بابر اعظم جیسے خوبصورت بیٹنگ اسٹروکس والے کھلاڑی کو ساتھ شامل کریں، تو یہ واقعی ایک شاندار امتزاج ہوگا۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ اگرچہ دونوں بیٹرز انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اُتر چکے مگر بطور ساتھی کھیلنے کا پہلا موقع بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں بھی اسٹیو اسمتھ نے بگ بیش میں محدود میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائی تھی، جہاں 3 میچز میں 173 رنز بنائے، جس میں پرتھ اسکورچرز کے خلاف 64 گیندوں پر ناقابل شکست 121 رنز کی اننگز شامل تھی۔