اگر آپ لمبی اور صحت مند زندگی چاہتے ہیں تو اپنے شریک حیات کو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔ یہ دلچسپ بات کیلیفورنیا یونیورسٹی کی حالیہ طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
تحقیق میں کینیڈا اور جرمنی کے 321 جوڑوں کو شامل کیا گیا، جن کی عمریں 56 سے 89 سال کے درمیان تھیں۔ جوڑوں سے سرویز اور ان کے لعاب دہن کے نمونے اکٹھے کیے گئے تاکہ مثبت جذبات اور تناؤ بڑھانے والے ہارمون کورٹیسول کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا جا سکے۔
نتائج سے پتہ چلا کہ جو جوڑے خوشی اور مثبت جذبات کا تبادلہ کرتے ہیں، ان میں کورٹیسول کی سطح کم ہوتی ہے، جس سے جسم زیادہ وقت تک پرسکون اور صحت مند رہتا ہے۔ محققین کے مطابق مثبت جذبات جیسے خوشی، محبت اور مسرت کا اثر زیادہ دیرپا ہوتا ہے جب یہ کسی کے ساتھ شیئر کیے جائیں، چاہے وہ شریک حیات ہو یا کوئی قریبی دوست۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ مثبت جذبات کی موجودگی سے ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے اور مختلف دائمی امراض کے خطرات کم ہوتے ہیں۔ یہ تحقیق جرنل آف پرسنلٹی اینڈ سوشل سائیکولوجی میں شائع ہوئی ہے۔
یہ تحقیق ثابت کرتی ہے کہ خوش رہنا اور تعلقات میں مثبت جذبات کا تبادلہ نہ صرف دل و دماغ بلکہ جسم کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔









