نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کرنے اور روزگار کےمواقع فراہم کرنے کیلئے الخدمت فاونڈیشن کے مفت آئی ٹی پروگرام ” بنو قابل ” کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان جماعت اسلامی ملک حسن عمران اعوان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کمپیوٹر و انٹر نیٹ کا دور ہے اور انسانی زندگی میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو دیکھتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حاففظ نعیم الرحمٰن کی ہدایت پر نونہلان قوم کو جدید آئی ٹی کورسز، کمپیوٹر کے استعمال کی پروفیشنل ٹریننگ اور آن لائن روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے لئے شروع کیا جانے والا “بنو قابل” پروگرام روایت شکن و انقلابی نتائج کا حامل ہوگا جس کی بدولت نوجوان طلبہ خود مختاری و خود انحصاری کی راہ پر چلتے ہوئے عالمی سطح پر باعزت روزگار کمانے کے قابل ہونگے اور اپنی و اہل خانہ کی باوقار طریقہ سے کفالت کا فریضہ سرانجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام “بنو قابل” داخلہ کی اہلیت کیلئے طلبہ کو انٹری ٹیسٹ دینا ہوگا اور اس حوالہ سے ملک بھر میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں میٹرک اور گیاریوں جماعت کے امتحانات سے فارغ التحصیل طلبہ داخلہ کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور کے بعد اب سرگودھا میں بھی “بنو قابل” پروگرام کا آغاز ہو رہا ہے جس کے پہلے مرحلہ میں 17 اکتوبر کو ٹیسٹ سیشن منعقد کیا جائیگا جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ “بنو قابل پروگرام” کے تحت جہاں نوجوان طلباء خود کفالت کی راہ پر چل سکیں گے وہیں قوم کی بچیاں بھی گھر بیٹھے آن لائن روزگار تک رسائی حاصل کرکے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہوں گی ۔









