39

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کاکیفے بلدیہ کی بحالی کیلئے ہائی لینڈکنٹری کلب گروپ کے ساتھ معاہدہ

وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی انتھک کوششوں سے کوئٹہ کے دل میں واقع تاریخی ورثہ ”کیفے بلدیہ” کی بحالی کا خواب آج حقیقت بن گیا۔اس حوالے سے بدھ کو منعقدہ تقریب میں ہائی لینڈ کنٹری کلب گروپ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے گئے اور اسی روز بحالی کے کام کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا۔
منصوبے کا افتتاح یکم جنوری 2026 کو کیا جائے گا۔تاریخی پس منظرکیفے بلدیہ کوئٹہ کا وہ تاریخی گوشہ ہے جو قیامِ پاکستان کے ابتدائی برسوں میں تعمیر ہوا اور طویل عرصے تک شعر و ادب، سیاست اور عوامی مکالمے کا مرکز رہا۔یہ کیفے دانشوروں، صحافیوں، طلبہ، شاعروں اور عام شہریوں کی محبوب بیٹھک ہوا کرتی تھی، جہاں خیالات کی روشنی، بحث و مکالمے کی گرمی اور ثقافتی رنگ ایک ساتھ جھلکتے تھے۔

وقت گزرنے کے ساتھ یہ علامتی عمارت خاموش ہو گئی تھی، مگر اب حکومتِ بلوچستان نے اسے دوبارہ زندگی، رنگ اور رونق دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کیفے بلدیہ کو اپنی اصل روح برقرار رکھتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ اس میں ادبی بیٹھک، فیملی کیفے زون، آرٹ گیلری، ثقافتی نمائش گاہ اور شہریوں کے لیے کھلا بیٹھنے کا خوبصورت حصہ شامل ہوگا۔
یہ منصوبہ نہ صرف کوئٹہ کی تہذیبی شناخت کو دوبارہ زندہ کرے گا بلکہ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت، ادب اور تاریخ سے جوڑنے کا نیا مرکز فراہم کرے گا۔ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب قمبرانی نے اس موقع پر کہاکہ آج ہم صرف ایک عمارت نہیں بلکہ کوئٹہ کے دل کی دھڑکن کو دوبارہ زندہ کر رہے ہیں۔ کیفے بلدیہ کل بھی کوئٹہ کی شناخت تھی اور ان شا اللہ دوبارہ اسی شان سے زندہ ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں