14

’پاکستان سے آنے والے افغانوں کے مسائل زیادہ، ایران سے واپس لوٹنے والے نسبتاً خوشحال‘

اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی ’افغانستان پوسٹ ریٹرن مانیٹرنگ سروے رپورٹ‘ کے نتائج کے مطابق ایران سے واپس آنے والے افغان عموماً زیادہ تعلیم یافتہ اور خوراک و رہائش کی بہتر حالت میں ہیں جبکہ پاکستان سے آنے والے افغان شدید اقتصادی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، زیادہ تر مزدو اور قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایران سے واپس آنے والوں کے پاس آمدنی کے کم مواقع ہیں اور زیادہ تر لڑکیوں کی تعلیم میں رکاوٹوں کی شکایت کرتے ہیں جبکہ پاکستان سے اپریل کے بعد واپس آنے والے زیادہ تر افغان آمدنی کے مواقع ڈھونڈ پائے مگر انہیں کرایہ ادا کرنے اور خوراک کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سروے کے مطابق تمام دونوں ممالک سے واپس آنے والے افغان ایسے علاقوں میں آباد ہو رہے ہیں جہاں غربت اور محدود سہولیات کے باعث حالات موافق نہیں۔ زیادہ تر لوگ اپنے اصل علاقوں میں واپس نہیں جا سکتے کیونکہ پناہ، زمین یا روزگار کی کمی ہے۔ نصف سے زیادہ گھروں نے ضروری شہری دستاویزات کی عدم موجودگی کی اطلاع دی، جس سے تعلیم، صحت اور رہائش تک رسائی محدود ہے۔

ایران سے واپس آنے والے افغان اکثر قوانین اور پالیسیوں کو بنیادی رکاوٹ قرار دیتے ہیں جبکہ پاکستان سے واپس آنے والے اقتصادی مشکلات کا ذکر کرتے ہیں\سروے کے مطابق واپس آنے والے 88 فیصد افغان قرض دار ہیں، جو 2024 کے سروے کے مقابلے میں معمولی کمی ہے۔

ایران سے واپس آنے والے پاکستان سے واپس آنے والوں کے مقابلے میں نسبتاً کم قرض دار ہیں جبکہ خواتین کی سربراہی والے گھرانوں (90 فیصد) اور مرد کی سربراہی والے گھرانوں (87 فیصد) میں فرق معمولی ہے۔ تقریباً تمام قرض دار گھرانوں نے بتایا کہ ان کا قرض ماہانہ آمدنی سے زیادہ ہے۔

اگست 2025 میں پہلی بار ایران سے واپسی آنے والوں کو بھی مانیٹرنگ میں شامل کیا گیا۔ اس راؤنڈ میں پاکستان اور ایران سے آنے والے ایک ہزار 658 گھرانوں سے انٹرویوز کیے گئے۔ پاکستان سے واپس آنے والوں کے لیے دو نئے ڈیٹا سیٹس متعارف کیے گئے: ایک اپریل 2025 سے پہلے واپس آنے والوں کے لیے اور ایک بعد میں، جب مالی امداد میں کمی واقع ہوئی۔

سروے میں غیر دستاویزی واپس آنے والوں کو بھی شامل کیا گیا، تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ پناہ گزین دستاویزات کے ساتھ اور بغیر افراد میں فرق کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں