اسکائی کنگ کمپنی کے متاثرین ملک سیف اللہ ،اسحٰق علی و دیگر نے کمپنی مالک کی جانب سے دھوکہ دہی سے بٹوری گئی رقم واپس دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کے مالک اور دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ کمپنی کامالک نثار احمد 9 جولائی کو متاثرین کے کروڑوں روپے لےکر منظر عام سے غائب ہوگیا اور کمپنی کی سی ای او نے خبر چلائی کی کمپنی کے مالک رقم کی وصولی کے لئے پنجاب گئے ہوئے ہیں اور پھر خبر چلائی کہ کمپنی کا مالک اغوا ہوچکا ہے کچھ دن بعد ایک اور فیک ویڈیو انویسٹروں کو بھیجا گیا جس میں کمپنی کا مالک کہتا ہے کہ میں اغوا ہوگیا ہوں گھر والے رقم کا بندوبست کریں اور ویڈیو میں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ کمپنی مالک کمپنی کی سی ای او اور اکاونٹنٹ سے کہتے ہیں کہ اس نے انہیں جو 3 کروڑ روپے دیئے ہیں وہ ان کے گھر والوں تک پہنچائے جائیں تاکہ وہ تاوان کی رقم ادا کرسکیں یہ تمام حربے جھوٹ پر مبنی ہیں انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ پولیس اسٹشن اور ایف آئی اے میں درخواستیں دے چکے ہیں انہوں نے وزیراعلیٰ ،آئی جی پولیس اور ایف آئی اے حکام سے مطالبہ کیا کہ کمپنی کے مالک اور دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرکے ہمیں ہماری رقم واپس دلائی جائے۔
