28

دنیا غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری، امداد کے منتظر 21 افراد سمیت مزید 36 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، تازہ کارروائی میں مزید 36 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر مکمل قبضے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کے بعد جمعے کو بھی دن بھر غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہا۔

اسرائیل کی تازہ بمباری سے امداد کے منتظر 21 فلسطینیوں سمیت مزید 36فلسطینی شہید ہو گئے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوک سے مزید 4 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے بعد اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 201 ہو گئی ہے، جن میں 98 بچے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں غیر ملکی امدادی ایجنسیوں کو کام کرنے سے روک رکھا ہے اور خوراک کی تقسیم صرف اسرائیلی اور امریکی انتظامیہ کے تحت کی جارہی ہے۔

غزہ میں خوراک کی تقسیم کے دوران اسرائیلی فوج اور امریکی کانٹریکٹرز کی جانب سے خوراک کے لیے کھڑے فلسطینیوں پر فائرنگ کرنے کے واقعات بھی پیش آئے جن کی ویڈیوز بھی سامنے آچکی ہیں۔

7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جنگ میں 61 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یو این سلامتی کونسل کا اجلاس ہفتے کو ہوگا۔ یو این سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست 15 میں سے 14 رکن ممالک نے کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں