وفاقی حکومت نے نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجیز کو سپورٹ کرنا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اگنائٹ کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فنڈ کا 30 فیصد آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس فنڈ کے قیام کا مقصد ٹیکنالوجیز کو سپورٹ فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں میں سینٹر آف ایکسیلنس نیٹ ورک بھی قائم کیا جائے گا۔
سینٹر آف ایکسیلنس اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں قائم کیے جائیں گے جب کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں جدت کے لیے انوویشن فنڈ، وینچر فنڈ کے قیام کی بھی تجویز ہے۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے آگہی کیلیے نیشنل اے آئی اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا جائیگا۔ وزارت تعلیم وتربیت،صوبائی حکومتیں اور نجی تنظیمیں مل کر اےآئی ٹریننگ فراہم کرینگی۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں نیشنل ہائی ٹیک انٹرن شپ پروگرام متعارف کرایا جائے گا اور سرکاری ونجی اشتراک سے سالانہ 2 لاکھ افراد کو اے آئی ٹریننگ دی جائے گی۔