بالی ووڈ کے کنگ خان، شاہ رخ خان کو فلم جوان میں ان کے کردار کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ مل گیا، جو ان کے شاندار کیریئر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا اور تین دہائیوں پر محیط ایک شاندار کیریئر کے بعد فلم جوان میں شاہ رخ خان کی کارکردگی نے انہیں بہترین اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ دلا دیا جو ہندوستان کے سب سے مشہور ستاروں میں سے ایک کے لیے ایک طویل انتظار کا حاصل اور جذباتی سنگِ میل ہے۔
وہ 33 سالہ شاندار کیریئر کے بعد آخر کار اپنا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ گھر لے جا رہے ہیں، یہ اعزاز ایک طویل عرصے سے واجب الادا تھا، کیونکہ انہیں اکثر کیریئر کی بہترین کارکردگی کے باوجود نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔
بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان نے 1992ء میں فلم دیوانہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی ملک کے سب سے پسندیدہ اور کامیاب اداکاروں میں سے ایک بن گئے۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے، سوادیس، چک دے انڈیا اور مائی نیم از خان جیسی متعدد تنقیدی طور پر سراہی جانے والی اور بلاک بسٹر فلموں میں کام کرنے کے باوجود یہ بھارتی قومی ایوارڈ اب تک ان کی پہنچ سے دور رہا تھا۔
سوادیس 2004ء کی فلم ہے جس میں شاہ رخ نے موہن بھارگو کا کردار ادا کیا تھا، پھر 2007ء میں فلم چک دے انڈیا آئی جس میں شاہ رخ نے کبیر خان کا کردار ادا کیا۔