رومان، گٹار، اور زندگی و موت کی کشمکش سے لبریز فلم ’سیارہ‘ نے ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر ہلچل مچا دی ہے۔
ہدایتکار موہت سوری کی اس فلم میں آہان پانڈے اور انیت پڈا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ دونوں نے اس فلم سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بھی کیا ہے۔
فلم سیارہ نے ریلیز ہوتے ہی پہلے ہفتے کے اختتام پر دنیا بھر سے 13.80 ملین ڈالرز بٹور لیے، جن میں 2 ملین ڈالرز صرف بیرون ملک سے حاصل ہوئے۔
یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر اسکرپٹ جاندار ہو، کردار پُرتاثیر ہو اور ہدایتکاری لاجواب ہو تو بالکل نئے چہروں کے ساتھ بھی فلم باکس آفس پر ہٹ ہوسکتی ہے۔
اس فلم سے متعلق ایک حیران کن بات یہ بھی ہے کہ اس نے بالی ووڈ کے فلموں کے روایتی پروموشن کے طریقے کو بھی بالکل نظر انداز کیا تھا۔
یعنی نہ پریس کانفرنسوں کی لمبی قطار تھی، وی وی آئی پی نہ ریڈ کارپٹ اور نہ ہی انٹرویوز کا سیلاب۔
تاہم فلم کو اگر سپورٹ ملی تو اننیا پانڈے کا آبدیدہ انداز میں فلم کی حمایت کرنا، عالیہ بھٹ کا پوسٹ شیئر کرنا، اور کرن جوہر کا دل کو چھو لینے والا تبصرہ۔
اوپر سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں ایک شخص آئی وی ڈرپ کے ساتھ سیارہ دیکھنے کی ضد کر رہا تھا۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ سب قدرتی طور پر ہوا لیکن واقفان حال بتاتے ہیں کہ دراصل یہ جینیئس مارکٹنگ تھی یعنی ایسا نظر آئے کہ پروموشن نہیں ہو رہی ہے لیکن پروموشن ہو رہی تھی۔
فلم کی کامیابی کا کریڈٹ اس کی کہانی کو بھی جاتا ہے جس میں کرش (آہان پانڈے) ایک بگڑا ہوا لیکن باصلاحیت میوزیشن ہے اور وانی (انیت پڈا) ایک خاموش، خواب دیکھنے والی صحافی بننے کی خواہشمند ہیں۔
ان کی محبت تب آزمائش میں پڑتی ہے جب وانی کو early-onset Alzheimer’s کی تشخیص ہوتی ہے۔
کچھ ناظرین کو فلم کی کہانی ‘The Fault in Our Stars’ اور 2004 کی کورین فلم ‘A Moment to Remember’ کی یاد دلاتی ہے جس پر کچھ حلقوں نے کاپی ہونے کا بھی سوال اٹھایا ہے۔
تاہم ابھی تو صرف فل سیارہ کی کامیابی کو انجوائے کیا جا رہا ہے۔ آگے آگے دیکھیے جنینیئس مارکیٹنگ کی طرح مزید کیا کیا راز کھلتے ہیں۔